وقت کا صحیح استعمال کیسے کریں؟
اکثر لوگ وقت کی قدر و اہمیت تو بتلاتے ہیں؛ لیکن یہ نہیں بتاتے کہ وقت کے صحیح استعمال کا کیا طریقہ ہے؟ وقت کا صحیح استعمال کیسے کریں؟
چناں چہ اس تحریر میں ”وقت کا صحیح استعمال کیسے کریں“ کے تعلق سے چند تجاویز پیش کی ہیں جن کو اپناکر انسان وقت کا صحیح استعمال کرنا سیکھ سکتا ہے۔
وقت اللہ تعالی کا بیش قیمت عطیہ اور ایک گراں مایہ دولت ہے؛ لہذا یہ اس بات کی مستحق ہے کہ اس کو درست مصارف میں استعمال کیا جائے، یاد رہے کامیابی کا پہلا زینہ انضباط وقت کے تئیں حساس ہونا ہے، کامیاب و بامراد ہستیوں کا طرۂ امتیاز یہی رہا ہے کہ وہ وقت کے قدرداں اور اس کے استعمال میں سنجیدہ رہے ہیں۔
وقت کے اندر تنگ دامنی بھی ہے اور وسعت ظرفی بھی؛ اس کا مدار اس بات پر ہے کہ انسان اس کو صحیح مصرف میں لگاکر اس کے ہر جز سے مستفید ہوتا ہے یا پھر اسے لغویات کی نذر کر، اس کی تنگ دامانی کا شاکی بن جاتا ہے۔
چند ہدایات
(۱)وقت کے ہر ہر جز سے فایدہ اٹھانے کے لیے چاہیے کہ ایک شیڈیول تیار کر لیا جائے جس میں روزمرہ پیش آیندہ کاموں کا ایک متعین وقت مقرر ہو اور اس کی انجام دہی اسی وقت میں کی جائے، اور ایک اس کے لیے ایک ٹائم لیمیٹ کا تعین کر لیا جائے،اور اسی ٹائم لیمیٹ کے اندر اس کام کو نپٹانے کی کوشش کی جائے،اور باقی ماندہ اوقات کو دیگر مفید کاموں کا مصرف بنایا جائے۔
(۲)ہر دن کا To-do list بنائیں،یعنی اپنے یومیہ کاموں کی ایک فہرست بنائی جائے، اس کا فایدہ یہ ہوگا کہ ہر کام میں آپ کی توجہ اس کی اور مرکوز رہے گی اور دل جمعی سے اس کو انجام بھی دیں گے اور اس کام کو کرنے میں موٹیویٹ بھی رہیں گے، نیز اپنے کاموں کی ترجیحی سطح بھی معلوم ہوگی۔
کاموں کی فہرست سازی کا طریقہ گو زمانہ کے تغیر کے ساتھ متغیر ہوتا گیا تاہم ہمیشہ سے یہ مفید ثابت ہوا؛ لہذا اسے آزماکر ضرور دیکھا جائے۔
(۳) پہلے سے ہی اپنے کاموں کی پلاننگ کر لیجیے؛ کیوں کہ کسی بھی کام کو انجام دینے سے پہلے ذہنی طور پر اس کے لیے تیار رہنا ضروری ہے، اب یہ آپ کے اوپر ہے کہ آپ یومیہ پلاننگ بناتے ہیں یا ہفتہ یا مہینہ بھر کا۔
اس سے نہ صرف آپ کے کاموں مثبت تبدیلی آئے گی بلکہ آپ کو کام کرنے میں من بھی لگے گا۔
(۴) اپنے کاموں کی درجہ بندی کیجیے، کیوں کہ انسانی طبیعت اور ذہن ہمیشہ یکساں کام نہیں کرتے؛ لہذا جو کام اہم ہوں انہیں اس وقت کرنا چاہیے جب طبیعت میں نشاط ہو، مثلا :صبح کے وقت انسان کا مائنڈ فریش رہتا ہے تو سب سے اہم کام کو صبح کے وقت انجام دینا چاہیے، اس طرح اہم فالاہم کے اصول کے مطابق کاموں کو ترتیب دیجیے اور اس کے لیے بہتر وقت کی تعیین کیجیے۔
(۵) ایک متعین وقت میں فقط ایک ہی کام کی پر فاکس کیجیے، وقت سے فایدہ اٹھانے کا یہ طریقہ درست نہیں کہ ایک ہی وقت میں ڈھیروں کام کرنے بیٹھ جائیں، اس سے نہ کسی کام کے کرنے میں یکسوئی کا مظاہرہ کر پائیں گے اور نہ ہی کوئی کام صحیح نہج پر انجام پائےگا، بلکہ ایسا کرنا عموما مزید تشویش کا باعث بن جاتا ہے۔
(۶) ہر شخص اپنے کام کو بہتر طریقے سے انجام دینا چاہتا ہے؛ لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ بہتر سے بہتر کرنے کے لیے اسی کام پر فاکس کیے رہیں، اور متعینہ وقت کے گزر جانے کے بعد بھی اسی پر لگ رہیں،
جب آپ کا کام مکمل ہو جائے تو اس میں بے وجہ بہتری لانے کے لیے مزید وقت ضائع نہ کیا جائے۔
اللہ پاک ہمارے وقت میں برکت عطا فرمائے۔
0 تبصرے
تبصرہ کرکے اپنی رائے ضرور دیں!