مسکرانے کے سات فائدے
مسکراہٹ
جب انسان مسکراتا ہے تو اس کے ساتھ اس کی زندگی بھی مسکرانے لگتی ہے، ہنستا کھلتا مسکراتا چہرہ ہر ایک کی نگاہوں کا مرکز بنتا ہے، لوگوں کے ساتھ ہنستے، مسکراتے اور خندہ پیشانی کے ساتھ ملنا جلنا اور بات چیت کرنا خود نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت مبارک ہے، مسکرانا حسن و جمال کا زیور ہے، اخلاق و کردار کی اعلی نشانی ہے، مسکراہٹ میں کشش ہے، جاذبیت ہے، مقناطیسیت ہے،تاثیر ہے اور دل کشی ہے۔
زندگی کا حقیقی لطف وہ شخص حاصل کرتا ہے جو زندگی کے مشکل مراحل اور صبر آزما گھاٹیوں سے مسکراتا ہوا گزر جاتا ہے۔
مسکرانے کے کیا فائدے ہیں؟ مسکرانے سے کیا ہوتا ہے؟ اس تحریر میں مسکرانے کے سات فائدے ذکر کیے جائیں گے؛ لہذا تحریر لازمی طور پر مکمل پڑھیں!
مسکرانا غموں کا مداوا ہے
1. مسکرانا غم و حزن کا مداوا ہے، انسان جب غم و حزن کا شکار ہو جاتا ہے، تو اس کے دل کی دھڑکنیں تیز ہو جاتی ہیں، مسکراہٹ دل کی دھڑکنوں کو متوازن رکھتا ہے، اور اس سے انسان کی سوچ و فکر بھی مثبت ہو جاتی ہے۔
مسکرانے سے اینڈورفنز ہارمون خارج ہوتا ہے
2. جب انسان ورزش کرتا ہے تو یہی ہارمون خارج ہوتا ہے، یہ ہارمن آپ کو بہتر محسوس کراتا ہے، جسم میں نشاط و چستی پیدا کرتا ہے۔
مسکرانے سے تعلقات وسیع ہوتے ہیں
3. مسکرانے کی وجہ سے لوگ آپ سے متاثر ہوتے ہیں، اور لوگ آپ کو دوست بنانا پسند کرتے ہیں۔
کیوں کہ جب آپ لوگوں کے ساتھ مسکراکر ملتے ہیں، بات چیت کرتے ہیں تو لوگ آپ کے ساتھ تعلقات بڑھانے میں کوئی جھجھک محسوس نہیں کرتے ہیں۔
مسکرانے سے کام میں من لگتا ہے
4. انسان جب دکھی اور غم زدہ ہوتا ہے تو اپنے کاموں کو کامل توجہ و انہماک سے ساتھ انجام نہیں دے پاتا ہے؛ لیکن جب مسکرانا کسی کی عادت بن جاتا ہے تو اس کی وجہ سے اسے کاموں کی انجام دہی میں دل لگنے لگتا ہے اور سستی، کاہلی اور لاپروائی اس کے جسم میں سرایت نہیں کرتی ہے، حاصل یہ ہے مسکرانے سے انسان کو ایک قسم کی طاقت و نشاط کا احساس ہوتا ہے جس کے ذریعے وہ اپنے مقاصد کو بخوبی انجام دے سکتا ہے۔
مسکرانے سے درد کم ہوتا ہے
5. مسکرانے سے اینڈورفنز کیمیکل کا خروج ہوتا ہے جس کی وجہ سے درد اور تکلیف کی شدت کم ہو جاتی ہے؛ بلکہ بسااوقات انسان اپنا درد ہی بھول جاتا ہے؛ یہی وجہ ہے کہ اطبا مریضوں کو خوش رہنے اور مسکراتے رہنے کی تلقین کرتے ہیں۔
مسکرانے سے انسان جوان دکھتا ہے
6. کچھ لوگوں کی عمر کہولت کے زینے عبور نہیں کر پاتی ہے کہ اس پر کہولت و بڑھاپے کا اثر ظاہر ہونے لگتا ہے، ایسا اس وقت ہوتا ہے جب انسان ذہنی تناؤ اور غم کا شکار ہوتا ہے؛ لیکن اس کے برعکس جو انسان زندگی کے تھپیڑوں کو مسکراکر سہ لیتا ہے اور ہنستے مسکراتے زندگی گزارتا ہے اس پر بڑھاپے کے اثرات جلد ظاہر نہیں ہوتے ہیں؛ بلکہ عمر ساٹھ سے متجاوز ہو جانے پر بھی انسان جوان نظر آتا ہے۔
لہذا اگر زیادہ مدت تک جوان رہنا ہے تو مسکرانا سیکھ لیجیے۔
مسکرانا بیماریوں سے بچاتا ہے
7. مسکرانا بہت سی بیماریوں کی بہترین دوا ہے۔ یہ ایک ایسی دوا ہے جو ہمارے جسم پر مثبت اثرات مرتب کرتی ہے، مسکرانے سے انسان کا مدافعتی نظام ہمیشہ متحرک رہتا ہے جو بےشمار قاتل امراض سے انسان کی حفاظت کرتا ہے، اور مہلک وائرس اور ٹیومر سیلز کو ختم کرنے کا کام کرتا ہے۔
0 تبصرے
تبصرہ کرکے اپنی رائے ضرور دیں!