Header Ads Widget

کامیابی کے آٹھ اصول| کامیاب لوگوں کی آٹھ عادتیں

 کامیاب لوگوں کی 8 عادتیں 


کامیاب لوگوں کی عادتیں


کامیاب لوگوں کی خوبیاں

ذرا انسانی تاریخ کا مطالعہ کیجیے اور کامیاب ہستیوں کی زندگیوں کا بغور جائزہ لیجیے، آپ پائیں گے ان تمام میں کچھ ایسی عادتیں، صفات اور خوبیاں ہیں جو حصول کامیابی کی راہ میں ان کے معاون بنے ہیں۔
آخر وہ کون سی خوبیاں اور عادتیں ہیں جنھوں نے انھیں کامیابی کے بام عروج اور آسمان شہرت کی بلندیوں تک پہنچایا ہے اور کیا وہ خوبیاں وہ صفات ہمارے اندر پیدا ہو جائیں تو ہم بھی کامیابی سے سرفراز اور اپنے مقاصد میں بامراد ہو جائیں گے؟
تو عرض ہے کہ میں اس بات کا قطعا دعوےدار نہیں کہ یہ خوبیاں اور عادتیں آپ کو کامیاب ترین انسان بنا دیں گی؛ البتہ اتنی بات ضرور ہے کہ یہ صفات آپ کی زندگی کے مقاصد سے کے حصول کی راہ میں ضرور ممد و معاون ہوں گی، اور آپ ایک کامیاب زندگی گزار پائیں گے۔

تو آخر کامیاب لوگوں کی عادتیں کیا ہیں؟
ہم اس تحریر میں کامیاب لوگوں کی چند عادتوں کا ذکر کریں گے جو کہ درحقیقت کامیابی کے اصول ہیں؛ لہذا مکمل ضرور پڑھیں!


اپنا مقصد متعین کریں

1. کامیاب افراد کا طریق رہا ہے کہ وہ ہمیشہ اپنا ایک گول اور مقصد متعین کرکے رکھتے ہیں، اور اس کے حصول کے لیے کڑی محنت، جاں گسل کوشش اور کامل انہماک کا مظاہرہ کرتے ہیں، اگر انسان کی زندگی کا کوئی مقصد نہ ہو تو بھلا وہ کس چیز کے حصول کی تمنا اور خواہش کرےگا اور کس چیز کو اپنی مساعی اور کوششوں کا مصرف بنائےگا؟ جب کوئی مقصد ہی نہیں تو پھر کامیابی چہ معنی دارد؟
لہذا اگر کامیابی سے سرفرازی کی خواہش ہے تو اول اپنے مقصد کا تعین کریں آپ سوچیں کہ آپ کو کیا حاصل کرنا ہے، کس میدان میں کامیاب ہونا ہے، پھر اس کے حصول کے لیے اس کے لحاظ سے مسلسل کوشش اور پیہم جد جہد کا مظاہرہ کریں۔


مقصد پر کامل توجہ دیں

2. ٹھیک ہے آپ نے اپنا مقصد متعین کر لیا؛ لیکن فقط مقصد کے تعین سے مقصد حاصل نہیں ہو سکتا؛ بلکہ اس کی جانب کامل توجہ کا ارتکاز ضروری ہے، اگر کوئی طالب علم اپنا مقصد متعین کرے کہ مجھے امتحان میں اول پوزیشن سے کامیاب ہونا ہے؛ لیکن وہ اس کے حصول کی جانب توجہ نہیں دیتا ہے اور نہ ہی اپنے مقصد کے متعلق فکرمند ہے، تو بھلا اس طالب علم کو اس کا مقصد کیسے حاصل ہو سکتا ہے؟
لہذا مقصد کی جانب کامل توجہ مبذول کرنا نہایت ضروری ہے یہی چیز آپ کو مقصد کے سمجھنے اور اس کے حصول کی آسان راہوں اور طریقوں کے آشنا کرتی ہے۔

کامیاب لوگوں کی طرح سوچیں

3. کامیاب لوگوں کا زاویۂ فکر اور نقطۂ نظر عام لوگوں سے مختلف ہوتا ہے، ان کے سوچنے سمجھنے کا طریقہ عام لوگوں سے جداگانہ ہوتا ہے، ان کے پاس ہر چیز کو دیکھنے، پرکھنے اور سمجھنے کا الگ طریقۂ کار ہوتا ہے؛ لہذا کامیابی کی راہ میں یہ چیز بھی بڑی معاون ثابت ہوگی کہ کامیاب لوگوں کی طرح سوچنا اور سمجھنا شروع کریں، جاننے کی کوشش کریں کہ ان کا انداز فکر و نظر کیسا ہے، اس چیز کو جاننے کا بہترین طریقہ ان کی زندگیوں کا مطالعہ کرنا ہے، چاہے وہ ان کی سوانح حیات پر مشتمل کتابوں کے ذریعہ ہو یا انٹرنیٹ پر موجود مضامین اور ویڈیوز کے ذریعہ۔


صحت کا خیال رکھیں

4. صحت و تندرستی اللہ کی بہت بڑی نعمت ہے، دور حاضر میں بیماریاں بڑی تیزی سے پھیل رہی ہیں، ایسے میں صحت کی حفاظت نہایت اہم ہے؛ کیوں کہ اگر جسم میں طاقت و توانائی اور نشاط نہ ہو تو کسی بھی کام کو صحیح اور منظم طریقے سے انجام نہیں دیا جا سکتا ہے، نیز صحت کا خیال نہ رکھا گیا تو کامیابی کا حقیقی لطف بھی نہیں اٹھایا جا سکتا۔

اپنی غلطیوں سے سیکھیں

5. کامیاب لوگوں کی خاصیت ہوتی ہے کہ وہ اپنی غلطیوں پر تکیہ کر نہیں بیٹھتے؛ بلکہ ان کی اصلاح کرتے ہیں ان سے سیکھتے ہیں؛ تاکہ آئندہ ایسی غلطی کا صدور نہ ہو۔
کہا جاتا ہے کہ انسان کا سب بڑا استاد اس کی غلطیاں سے جن سے وہ سیکھتا ہے۔
اسی لیے ہمیشہ اپنی غلطیوں سے سیکھنے کی کوشش کریں، اس کے علاوہ کچھ نئی چیزیں سیکھنے کے جو بھی طریقے ہو سکتے ہیں انھیں اختیار کرنے میں کوئی جھجھک اور عار محسوس نہ کریں، کامیاب انسان اپنی زندگی کے آخری ایام تک سیکھتا رہتا ہے۔


ایمان داری کے ساتھ کام کریں

6. زندگی میں وہ انسان حقیقی کامیابی ہرگز نہیں حاصل کر سکتا جو اپنے مقاصد کے حصول کی خاطر جھوٹ، فریب، دغابازی، مکاری، عیاری اور جعل سازی کا سہارا لے، ایسے لوگ ہمیشہ ڈرے سہمے رہتے ہیں کہ مبادا لوگوں پر ان کی منافقت اور مکاری منکشف نہ ہو جائے۔
اور جو لوگ سچائی، امانت داری، دیانت مندی اور وفا شعاری کا دامن تھام کر کامیابی کے سفر پر رواں دواں ہوتے ہیں وہ ہمیشہ حقیقی کامیابی سے سرفراز ہوتے ہیں اور ان کے دل میں کسی قسم کے خوف و خطر کا گزر بھی نہیں ہوتا ہے۔
پس کامیابی کے طالب کو چاہیے کہ ایمان داری کے ساتھ کام کرے۔

ہمیشہ مثبت سوچیں

7. مثبت سوچ و فکر انسان کی زندگی پر مثبت اثر ڈالتی ہے، جس طرح کالا چشمہ پہننے سے ہر چیز کالی اور ہرا چشمہ پہننے سے سب کچھ ہرا نظر آنے لگتا ہے، اسی طرح مثبت سوچ و فکر سے ساری چیزیں مثبت اثر ہی ظاہر کرتی ہیں، جو انسان منفی سوچتا ہے اس کے تمام کام بھی منفی اثر چھوڑتے ہیں؛ اسی لیے کبھی یہ نہیں سوچنا ہے کہ فلاں کام میرے بس کا نہیں؛ بلکہ مثبت انداز میں کام کو انجام دیا جائے اور اس کے نتائج اللہ کی ذات کے حوالے کردیں ان شاءاللہ اس کام کا مثبت نتیجہ ہی ظاہر ہوگا۔

وقت کی قدر و اہمیت کریں

8. جو انسان وقت کے تئیں حساس نہ ہو اسے کامیابی کا خواب نہیں دیکھنا چاہیے، کامیاب لوگوں کی تاریخ اٹھاکر دیکھیں ان سب میں ایک چیز مشترک نظر آئےگی، اور وہ یہ ہے کہ وہ سب وقت کی قیمت و اہمیت سے بخوبی واقف تھے اور ہر سیکنڈ اور ہر لمحہ کو تول تول کر خرچ کرتے تھے؛ لہذا وقت کی قدر کرنا کامیابی کے حصول کے لیے سب سے ضروری ہے۔



ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے